کوہاٹ ،جنگل خیل میں کرایہ کے مکان میں قائم گورنمنٹ سکول کو تالے لگنے کے بعد محکمہ تعلیم اورانتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

جمعہ 23 مئی 2025 22:53

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء) کوہاٹ کے شہری علاقہ جنگل خیل میں کرایہ کے مکان میں قائم گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول کو تالے لگ جانے کے بعد محکمہ تعلیم اورانتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کوہاٹ کے گنجان آباد علاقہ پیر خیل میں گزشتہ کئی سالوں سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر1 کرایہ کے مکان میں قائم ہے جہاں سینکڑوں بچے اور بچیاں زیرتعلیم ہیں۔

جمعہ کے روز مالک مکان نے سکول کو تالے لگادیئے جس کی وجہ سے صبح نو بجے تک کمسن بچے اور خواتین اساتذہ گلی میں گرمی اور دھوپ میں سڑک پر بیٹھنے پرمجبورہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ تعلیم کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(زنانہ) اور انتظامی افسر پولیس کے ہمراہ پہنچ گئے اور سکول کے تالے کھلوا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

بتایاجاتا ہے کہ مالک مکان گزشتہ کئی سالوں سے زیراستعمال مکان کے کرایہ میں سالانہ اضافہ کا مطالبہ کرتا آرہا ہے لیکن محکمہ تعلیم اور محکمہ تعمیرات کے مابین یہ مسئلہ کئی مہینوں سے لٹکا ہوا ہے جس کی وجہ سے مالک مکان نے مجبورہوکرسکول کو تالے کگادیئے ۔

اس معاملہ پر ضلعی مشاورتی ترقیاتی کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے شفیع اللہ جان نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات کو اگلے تین روز کے اندر مسئلہ کے حل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔