ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت سات روزہ پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

جمعہ 23 مئی 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) پولیو کے خاتمے کے قومی ہدف کے تحت ضلع کوئٹہ میں 26 مئی 2025 سے شروع ہونے والی سات روزہ پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت، سکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مہم کی تفصیلات اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور عملدرآمد کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر غور کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 26مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم پانچ روزہ اور دو روزہ کیچ اپ سرگرمی پر مشتمل ہوگی، جس کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ 65 ہزار 195 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 1,420 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مہم کے دوران ممکنہ ریفیوزلز (انکار کرنے والے افراد یا خاندانوں) کو کور کرنے کے لیے 300 اہلکاروں پر مشتمل خصوصی یونٹ بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ضلعی افسران بھی شامل ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ قومی ذمہ داری کے تحت پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کریں اور مہم کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک رسائی یقینی بنانا ہمارا مقصد ہے تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں والدین، علمائے کرام، اساتذہ، اور میڈیا سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ آگاہی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :