انٹرمیڈیٹ امتحانات شفافیت، سخت نگرانی اور مثالی انتظامات بورڈ کی ترجیحات ہیں ،چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی

جمعہ 23 مئی 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات شفافیت، سخت نگرانی اور مثالی انتظامات بورڈ کی ترجیحات ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو انٹرمیڈیٹ پارٹ ون سالانہ امتحانات کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانی عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ کی جانب سے جدید آن لائن مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے تمام امتحانی مراکز بالخصوص حساس (ہارڈ اور گرے) سینٹرز کی روزانہ نگرانی کی جا رہی ہے۔

چیئرمین نے واضح کیا کہ بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اُمیدواروں کو سہولیات کی فراہمی جیسے کہ ٹھنڈا پانی، مناسب روشنی، صاف ستھرا ماحول اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ یکسوئی سے امتحان دے سکیں۔چیئرمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعلیم سے وابستگی اور شفاف امتحانی نظام میں خصوصی دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ بورڈ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہا ہے۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹیکسلا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی، حطار روڈ ٹیکسلا گورنمنٹ ہائی سکول خیبان سرسید اور گورنمنٹ ایسوسییٹ کالج فار بوائز خیبان سر سید کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کی رول نمبر سلپس کی جانچ، امتحانی نظم و ضبط، فرنیچر، سیکیورٹی اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمہ داران ایمانداری اور فرض شناسی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ہر اُمیدوار کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو امیدوار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جن کے خلاف فوری طور پر کیس رجسٹر کر کے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا ہے ۔آخر میں کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ بوٹی مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا امتحانی نظام میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔