Live Updates

پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی جدوجہد رنگ لے آئی

سرکاری کوٹے کے پلاٹس کی الاٹمنٹ کے معاملے پر پیش رفت،طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے صحافیوں کو جلد خوشخبری ملے گی

ہفتہ 24 مئی 2025 04:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی جدوجہد رنگ لے آئی، سرکاری کوٹے سے میڈیا نمائندگان کو پلاٹ الاٹ کرنے کے عمل میں تیزی سے پیش رفت سامنے آنے لگی، وزارت اطلاعات و نشریات نے صحافیوں کو جلد پلاٹ الاٹ کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی، وزارت اطلاعات نے پلاٹس کی جلد الاٹمنٹ کے لیے وزارت ہاوسنگ کو خط لکھنے اور پلاٹس کے لئے اہل صحافیوں کی فہرست بھجوانے کی یقین دہانی کرا دی۔

وزارتِ اطلاعات پارلیمانی کمیٹیوں کو بھی فیصلے سے باضابطہ آگاہ کرے گی۔پارلیمانی فورم پر پی آر اے کے مسلسل جدوجہد اور احتجاج کے باعث وزارت اطلاعات نے صحافیوں اور وزارت اطلاعات کی کمیٹی کے اجلاس میں تقریباً 230 سے زائد میڈیا نمائندگان کے پلاٹس کی الاٹمنٹ کے معاملے کو جلد حل کرنے پر اتفاق کر لیا۔

(جاری ہے)

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے کمیٹی روم میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات امبرین جان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پلاٹس کی الاٹمنٹ کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزارتِ کے افسران نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اب یہ معاملہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

متاثرہ صحافیوں نے یہ معاملہ پی آر اے قیادت کے سامنے اٹھایا اور پی آر اے پاکستان کی قیادت نے سینٹ اور قومی اسمبلی کی اطلاعات اور ہاوسنگ کمیٹیوں کے علاوہ سب کمیٹیوں میں بھی اس ایشو کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ پلاٹس کے معاملے پر قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارتِ اطلاعات کے افسران نے واضح کیا کہ اب معاملات منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں اور جلد ہی میڈیا نمائندگان کا یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔

وزارتِ اطلاعات جلد ہی وزارتِ ہاوسنگ اور پارلیمانی کمیٹیوں کو بھی رپورٹ اور فہرست سے آگاہ کرے گی۔ پی آر اے پاکستان کے صدر عثمان خان، سیکرٹری جنرل نوید اکبر اور دیگر عہدیدار اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنے ممبران کے ساتھ کھڑی ہے اور صحافیوں کو درپیش مسائل اور انہیں ان کا جائز حق دلوانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات