Live Updates

اسلام آباد کے شہریوں کیلئے میٹرو بس کا سفر مہنگا، کرایہ 100 فیصد بڑھا دیا گیا

26 مئی 2025ء سے نئی کرایہ پالیسی نافذ کی جا رہی ہے، حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کردی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 مئی 2025 12:22

اسلام آباد کے شہریوں کیلئے میٹرو بس کا سفر مہنگا، کرایہ 100 فیصد بڑھا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کیلئے میٹرو بس کا سفر مہنگا ہوچکا ہے کیوں کہ کرایہ 100 فیصد بڑھا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے شہریوں کو بجٹ سے پہلے بڑا سرپرائز دیتے ہوئے اسلام آباد میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ کردیا، جس کے تحت کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اورینج لائن میٹرو، گرین، بلیو اور الیکٹرک میٹرو بس کا یک طرفہ کرایہ 26 مئی سے 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے مقرر کیا گیا ہے، 26 مئی 2025 سے نئی کرایہ پالیسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں طور پر فی سفر کرایہ 100 روپے مقررکر دیا گیا ہے، پہلے مختلف روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا۔

(جاری ہے)

حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے، اس حوالے سے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ’ بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کرایوں میں نظرثانی ناگزیر تھی‘، حکومت کے اس فیصلے پر شہریوں کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا گیاہے، جن میں بعض شہریوں نے اس اضافے کو معاشی بوجھ قرار دیا جب کہ کچھ نے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری اقدام قرار دیا۔

ترجمان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس چیز کو ہر صورت یقینی بنایا جاتا ہے کہ مسافروں کو درپیش تمام مسائل فوری حل کیے جائیں، تمام بسیں فعال حالت میں کام کر رہی ہیں اور اپنے روزمرہ اوقات کار کے مطابق مقررہ کوریڈور پر مسافروں کی نقل و حمل میں بروئے کار ہیں، رش کے اوقات میں مسافروں کی آمد و رفت کئی گنا بڑھ جاتی ہے، رش کے اوقات میں بسوں میں 180 سے 200 تک مسافر سوار ہوجاتے ہیں جو غیر معمولی رش اور کولنگ کی کمی کاباعث بن سکتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات