عید پرپبلک پوائنٹس کی تزئین و آرائش سے خوبصور ت ماحول ملے گا،نعیم بشیر

عوام کیلئے خوبصورت ،صاف ستھرے ماحول کی خاطر اقدامات جای ہیں، اسسٹنٹ کمشنر

ہفتہ 24 مئی 2025 14:09

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر نے کہا ہے کہ عوام الناس کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا تحصیل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت شہر کے مختلف پبلک پوائنٹس پر تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے،عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو خوبصورت پبلک پارکس اور چوکوں کی صورت میں تحفہ دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پارکس، چوکوں اور دیگر عوامی مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں،اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے تفویض کی گئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں تاکہ مقررہ مدت میں تمام کام مکمل ہوں۔