محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 24 مئی 2025 16:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی آف کیمبرج کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد صوبے میں اساتذہ کی تربیت، طلباء کی اسسمنٹ، اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے دستخط کئے جو ان دنوں ورلڈ ایجوکیشن فورم 2025 میں شرکت کےلیے لندن میں موجود ہیں۔

تقریب میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے سی سی اوروڈ سمتھ، سیکرٹری تعلیم مسعود احمد اور ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف کیمبرج خیبر پختونخوا میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید اسسمنٹ طریقہ کار، اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن پروگرامز کے نفاذ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد نے کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں جاری تربیتی و تعلیمی پروگرامز کا جائزہ لیا۔

تعلیمی ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ کے بعد وفد نے جدید طریقہ کار کو خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں شامل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہاکہ صوبائی حکومت اساتذہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دینے اور طلبہ کی کارکردگی کا بین الاقوامی معیار کے مطابق جائزہ لینے کے لیے پرعزم ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں جدت اور بہتری کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن تعلیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔اس پرخصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ہمارے طلبہ و طالبات قومی و بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ان کا کہنا تھاکہ یہ اشتراک حکومت خیبر پختونخوا کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو عالمی تعاون کے ذریعے تعلیم میں بہتری اور انسانی وسائل کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :