وزیرداخلہ سندھ ضیاء لنجار کے گھر پر حملہ کھلی دہشت گردی کے مترادف ہے،جمیل ضیاء

ہفتہ 24 مئی 2025 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون و جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ ویسٹ محمد جمیل ضیاء کی جانب سے پی پی پی شہید بینظیر آباد کے ڈویژنل صدر اور صوبائی وزیر داخلہ کے گھر پر حملے کی شدید مذمت،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ سندھ ضیاء لنجار کے گھر پر حملہ کھلی دہشت گردی کے مترادف ہے۔مظاہرین کی جانب سے اس قسم کی حرکت ناقابل برداشت ہے۔

حملہ آوروں نے قانون ہاتھ میں لیا اور سرعام شرپسندی کیا اس کا حساب ضرورلیاجاناچاہیے۔میں سمجھتاہوں کہ وہ سیاسی جماعت کو یاکوئی بھی تنظیم کسی کو بھی ایسے شرپسند واقعہ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹاون آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا،انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ میں بدامنی کو پھیلانے والے انتہاپسندوں کو کوآگے بڑھ کر نہ روکا گیاتو اس آگ سے پھرکوئی بھی محفوظ نہ رہ سکے گا۔

(جاری ہے)

یہ ایک سراسر سازشی عناصر کاکام ہے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ پھر کوئی ایسی غلطی نہ کرپائے،ہمیں فخر ہے اپنی پولیس اور رینجرز کے جوانوں پر جنھوں نے شہر قائد سمیت پورے سندھ میں امن ومان قائم کیا جو اس وقت کچھ شرپسند عناصر کو ایک آنکھ بھی نہیں بھارہاہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے گھروں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے سیاسی احتجاج نہیں گزشتہ دنوں سے ہر وقت دھرنوں سے خود سندھ کے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ایسا لگتاہے کہ کوئی سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانے کے لیے اس قسم کی حرکتیں کروارہاہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ احتجاج پر کوئی پابندی نہیں مگر سیاسی مخالفین کے گھروں پر حملے کسی گہری سازش کی عکاسی کرتے ہیں۔