جیکب آباد میں گرمی کا پارہ ہائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، ہیضے کی وباء میں اضافہ، کئی لوگ مبتلا

ہفتہ 24 مئی 2025 17:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) جیکب آباد میں گرمی کا پارہ ہائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، ہیضے کی وباء میں اضافہ، کئی لوگ مبتلا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ سیپکو حکام کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے 18 گھنٹوں تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جیکب آباد میں گرمی کی خوفناک لہر کے ساتھ ہیضے کی وباء بھی تیزی سے پھیل رہی ہے ضلع کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ ہیضے کی وباء میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں، ہیضے میں سب سے زیادہ بچے اور بوڑھے افراد متاثر ہورہے ہیں، قیامت خیز گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بلاجواز لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور پورا دن ٹرپننگ کی وجہ سے گھریلو سامان بھی جل رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے عوام کو رلیف فراہم کیا جائے۔