ریسکیو 1122 سکردو کا کامیاب آپریشن، گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی لاشیں برآمد

ہفتہ 24 مئی 2025 18:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) گلگت بلتستان کے ضلع روندو میں ستک اور گنجی کے درمیان ٹریفک حادثہ میں جاں بحق چاروں نوجوانوں کی لاشیں ریسکیو 1122 سکردو نے تین روزہ پیچیدہ آپریشن کے بعد برآمد کر لیں۔حادثے کے فوری بعد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 گلگت بلتستان عظیم اللہ کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو ٹیم حرکت میں آئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی دشوار گزار پہاڑی راستوں، خطرناک کھائیوں اور شدید موسم کا سامنا کرتے ہوئے مسلسل تین دن تک آپریشن جاری رکھا،تربیت یافتہ اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریپلنگ کے ذریعے کھائی میں اتر کر لاشوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ نکالا، تمام لاشوں کو فوری طور پر دمبوداس سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے ضروری کارروائی کے بعدمیتوں کو ان کے آبائی علاقے گجرانوالہ روانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ریسکیو آپریشن ڈائریکٹر جنرل عظیم اللہ، ڈسٹرکٹ آفیسر طاہر، ایمرجنسی آفیسر کلیم اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر بلتستان اسلام الدین کی براہ راست نگرانی اور قیادت میں مکمل کیا گیا۔ اعلیٰ افسران کی موثر حکمت عملی اور بروقت فیصلے اس کٹھن آپریشن کی کامیابی میں اہم ثابت ہوئے۔واضح رہے کہ تین روز قبل روندوستک پڑی کے قریب ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری تھی جس میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔