aڈیرہ مراد جمالی بچی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

ہفتہ 24 مئی 2025 21:05

-ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء) اے ایس پی/ ایس ڈی پی او سرکل سٹی پولیس ڈیرہ مراد جمالی محمد طیب اقبال نے ایس ایچ او سٹی محمد عمر اعوان، سی آئی اے انچارج بہادر علی ڈومکی، سب انسپکٹر نور محمد بگٹی، سب انسپکٹر محمد اکبر لوہار اور سب انسپکٹر ساہینداد ملک کے ہمراہ سٹی پولیس تھانہ میں ایک اہم نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ مئی کی 04 تاریخ کو تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی تھانہ کی حدود مانجھوٹی کے علاقے میں ایک یتیم معصوم بچی کی گھر سے گمشدگی کی اطلاع ملی۔

بچی کی تلاش میں ورثا نے قرآن پاک بھی علاقے میں گھمایا، جس پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے معصوم بچی کی تلاش کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نصیرآباد رینج کیپٹن(ریٹائرڈ)عاصم خان اور ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے میری سربراہی میں ایک جے آئی ٹی پولیس ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

ٹیم میں شامل ایس ایچ او منگولی انسپکٹر ذوالفقار علی پندرانی، ایس ایچ او سٹی محمد عمر اعوان، سی آئی اے نصیرآباد انچارج بہادر علی ڈومکی، سب انسپکٹر نور محمد بگٹی، سب انسپکٹر محمد اکبر لوہار اور سب انسپکٹر ساہینداد ملک پر مشتمل پولیس ٹیم نے یہ کیس چیلنج سمجھتے ہوئے انکوائری و علاقائی تفتیش شروع کی ۔جس میں متاثرہ خاندان کی ایک عورت سے جب تفتیش کی گئی تو انہوں نے واقعہ سے متعلق 3 افراد سے مزید تفتیش کرنے کا کہا، جس پر پولیس ٹیم نے ان تینوں افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔

ان میں ایک نے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم اسے گرفتار کر لیا گیا جوکہ اصل ملزم محمد علی ہی نکلا جس نے خود اعترافِ جرم کرتے ہوئے واقعہ سے متعلق اہم انکشافات کیے اور بتایا کہ میں قرضدار تھا، اسی لیے بچی کو جھانسہ دے کر واٹر کورس تک لایا، جہاں کپڑے کے رومال سے گلا دبا کر بچی کو قتل کیا، پھر اس کے کانوں سے سونے کی بالیاں اتار کر نعش پتھر رکھ کر پانی میں پھینک دی، اور مقامی جیولر کو بیچ دی ۔

انہوں نے کہا کہ ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مقتولہ بچی میری کزن اور میں اس کا بہنوئی بھی ہوں۔ بعد ازاں جب قرآن پاک گھمایا گیا تو بچی کی نعش سے پتھر ہٹا دیا، جس سے نعش ورثا کو ملی۔ اے ایس پی محمد طیب اقبال نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر مقامی جیولر کی دکان میں فوری اور مثالی کارروائی عمل میں لائی گئی اور سی سی ٹی وی کیمرے سے ملزم کی شناخت بھی کر لی گئی، اور بیچی گئی سونے کی بالیاں بھی برآمد کر لی گئیں، جو کہ 1 لاکھ 40 ہزار روپے میں فروخت کی گئی تھیں اور رسید بھی حاصل کی اسی طرح اس اہم اور پیچیدہ کیس کو چیلنج سمجھ کر انجام تک جا پہنچایا۔