ؒنئے امیر کا انتخاب: قائم مقام امیر مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کا اجلاس آج بلالیا

ہفتہ 24 مئی 2025 21:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائمقام امیر، ڈاکٹر مولانا علی محمد ابو تراب کی زیر صدارت آج اتوار کو مرکزی مجلس شوری کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان علامہ پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی ہونے والے عہدہ امارت کے لیے نئے امیر کا انتخاب دستور کی دفعہ 17 (2) کے تحت کیا جائے گا۔

ترجمان جمعیت اہل حدیث نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ تمام قانونی اور ضابطہ اخلاق کے مطابق امور کی تکمیل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت کے تمام فیصلے مشاورت اور شوری کے اصولوں کے تحت کیے جاتے ہیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ایک ایسی جماعت ہے جس میں جید علمائے کرام، شیوخ الحدیث والقرآن کی خدمات شامل رہی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ جماعت کا مشن دین کی ترویج، اسلامی تعلیمات کی اشاعت اور وطن عزیز میں رواداری ومذہبی ہم آہنگی کے فروغ، امن ومان کے قیام، نظریہ پاکستان کی حفاظت، واستحکام اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔ پروفیسر ساجد میر کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا جماعت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جسے مشاورت اور یکجہتی سے پورا کیا جائے گا۔