پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے گا، مصدق ملک

اتوار 25 مئی 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہےکہ پاکستان نے بھارت کو نہ صرف میدان جنگ بلکہ سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ اور پہلگام واقعات جیسے جھوٹے حیلوں بہانوں سے پاکستان پر حملوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے ایک "نیا معمول" بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کا مقصد بغیر ثبوت کے جارحیت کو نافذ کرنا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی پالیسی سازوں تک پہنچنے اور عالمی تاثرات کو تشکیل دینے کے لیے ایک سفارتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے،ٹیم کا بنیادی ہدف یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان کی بہترین نمائندگی کو اجاگر کیا جائےاور ہم اپنی سفارتی کوششوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد اس نئے نظریے کو بے نقاب کرنا اور عالمی برادری کو اس کے نتائج سے آگاہ کرنا ہے۔نہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا اور امن کے اپنے موقف کو فروغ دیتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن بھارت نے انکار کر دیا۔