Live Updates

پائیدار اور معاشی استحکام کیلئے طویل المدتی پالیسیاں ناگزیر ہیں ،ریحان نسیم بھراڑہ

پالیسیوں کو متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دینا ہو گا تاکہ پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے

اتوار 25 مئی 2025 12:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)پائیدار اور معاشی استحکام کیلئے طویل المدتی پالیسیاں ناگزیر ہیں اور اس سلسلہ میں ملک بھر کی تاجر قیادت کو متفقہ اور یکساں موقف اپنانا ہوگا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام آل پاکستان چیمبرز پریزیڈنٹس کانفرنس 2025ء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا جس کے بعد پالیسیوں کے عدم تسلسل، عالمی اور مقامی حالات کی وجہ سے تنزلی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل معیشت کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کی گئیں ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی معاشی وژن کو سراہا اور کہا کہ اُن کی کوششوں سے ملک کو دوبارہ معاشی بحالی کی راہ پر ڈال دیا گیا ہے جسے پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے مثبت، قابل عمل اور طویل المدتی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پالیسیوں کو متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دینا ہو گا تاکہ پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے انہوں نے حالیہ ترمیمی ٹیکس لاز پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس پر فوری نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برآمدات کو پاکستان کی لائف قرار دیا اور کہا کہ برآمد کنندگان کیلئے فائنل ٹیکس رجیم کو بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے۔ ا س طرح صنعتوں کو بجلی 9سینٹ پر مہیا کی جائے تاکہ ہماری برآمدات غیر ملکی عالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن میں آسکیں۔ انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کو معاشی ترقی کا انجن قرار دیا مگر کہا کہ تھوڑے سرمایے سے کام کرنے والا یہ شعبہ بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر سرمایہ مہیا کیا جائے۔

مزید برآں ایس ایم ای کی حد 80کروڑ سے بڑھا کے 2 ارب کی جائے۔ انہوں نے اس شعبہ کو رعایتی قرض سے پرانی مشینری درآمد کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کاروبار میں خواتین کی مؤثر شرکت پر زور دیا اور کہا کہ خواتین کو کاروبار کرنے کیلئے رعایتی نرخوں پر فنانس مہیا کیا جائے۔

انہوں نے معاشی مسائل کے فوری حل کیلئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی میں ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر صدر ریحان نسیم بھراڑہ کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے موون پک ہوٹل سنچورس اسلام آباد اور واہ نوبل گروپ کے ساتھ دو الگ الگ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جس کے تحت یہ دونوں ادارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ممبران کو رعایتی نرخوں پر خدمات مہیا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات