ضلع کولئی پالس میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، سخت سیکیورٹی میں قطرے پلائے گئے

پیر 26 مئی 2025 15:09

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ضلع کولئی پالس میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز سخت سیکیورٹی انتظامات میں کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پولیس کولئی پالس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امجد حسین خان نے بتایا کہ مہم کی کامیابی کیلئے ضلع بھر میں داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور موبائل پٹرولنگ کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورانِ ڈیوٹی مکمل الرٹ رہیں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔

سپروائزری افسران نگرانی اور چیکنگ کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے رپورٹ کریں گے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات سیکیورٹی اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے مہلک مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ یہ مہم نہ صرف بچوں کی صحت کیلئے اہم ہے بلکہ قومی سطح پر پولیو کے خاتمہ کیلئے ایک موثر قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :