بھارت ، نام نہاد اونچی ذات کے ہندوئوں کا دلت خاندان پر حملہ

پیر 26 مئی 2025 16:34

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بھدوہی میں نام نہاد اونچی ذات کے ہندوئوں نے ایک غریب دلت کسان اور اس کی بیوی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے انائچ میں پیش آیا۔متاثرہ کسان دیپک کی شکایت پر راجا رام یادو، دلاجیت یادو، اروند یادو، راجندر یادو، پاروتی دیوی اور تارا دیوی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دلت کسان اور اس کی بیوی پر حملے میں لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں کا استعمال کیاگیا۔دیپک کمار پاسی جو ایک بے زمین دلت کسان ہے اور کسی اور کے کھیت میں گلہ اگاتا ہے۔ جب ایک مقامی دیہاتی کے مویشی اس کی فصل کھا رہے تھے تو اس نے مویشیوں کے مالک سے شکایت کی۔

(جاری ہے)

جس کے جواب میں دیپک، اس کی بیوی سمترا، بڑے بھائی اور اس کی ماں پر حملہ کیا گیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیمنیو مانگلک نے بتایاکہ جب دیپک نے اپنے کھیت میں راجا رام یادو کے مویشی چرانے کی شکایت کی، تو راجارام ناراض ہو گیا۔ اس نے دیپک کو گالیاں دیں اورذات پات کی بنیاد پر اس کی توہین کی اور دوسروں کے ساتھ مل کر دیپک کو لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے مارا۔شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمترا کو بالوں سے گھسیٹ کر پورے کھیت میں مارا پیٹا گیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔دیپک اور سمترا شدید زخمی ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ خاندان کے چار دیگر افراد بھی زخمی ہیں تاہم ان کے زخم اتنے سنگین نہیں ہیں۔