Live Updates

بجٹ میں سول اور ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وزیرخزانہ

دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے اور اس کی رفتار پر حیران ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں؛ محمد اورنگزیب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 14:45

بجٹ میں سول اور ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سول اور ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی جتنی مدد کرسکے ہم پوری مدد کریں گے کیوں کہ یہ صرف افواج کی نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت ہے، تاہم سول اور ملٹری تنخواہوں کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن واپس جا چکا ہے، وفد کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے، رواں ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل بات چیت جاری رہے گی اور ہم آئی ایم ایف پروگرام پر عمل جاری رکھیں گے، پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کیے اور اگر اہداف پورے نہ ہوتے تو مشکلات پیش آتیں، آئی ایم ایف بورڈ میں پاکستان کا قرض پروگرام ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی اور اجلاس نہ ہونے کی کوشش کی گئی تاکہ پاکستان کا ایجنڈا ڈسکس نہ ہو، تاہم پاکستان کا کیس میرٹ پر ڈسکس ہوا۔

(جاری ہے)

بینک ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے اور اس کی رفتار پر حیران ہے، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، ایف بی آر میں ڈیجٹائزیشن کا عمل جاری ہے جس سے انسانی مداخلت کم ہونے کے باعث شفافیت آئے گی، ٹیکس نظام اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، واشنگٹن اور لندن میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے دوران معیشت کے بارے میں مثبت ردعمل سامنے آیا اور دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے۔

محمد اورنگزیب کہتے ہیں کہ حکومت طویل المدتی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کو کم کر رہی ہے، حکومت تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس جمع کرانے کا عمل آسان بنانے کا ارادہ رکھتی ہے اور پنشن اصلاحات پر بھی کام ہو رہا ہے، قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہونے کی توقع ہے، موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج ہے، اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات