سندھ ہائیکورٹ ، سرجانی ٹائون تھانے کے پولیس افسر کیخلاف اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملزمان کی سزا کی خلاف آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ طلب

پیر 26 مئی 2025 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے سرجانی ٹائون تھانے کے پولیس افسر کیخلاف اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملزمان کی سزا کی خلاف آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو طلب کرتے ہوئے اپیل کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں سرجانی ٹائون تھانے کے پولیس افسر کیخلاف اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملزمان کی سزا کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔

وکیل صفائی نے موقف دیا کہ سب انسپکٹر افضال اور دیگر کیخلاف موٹر سائیکل چوری کے ملزم سے ایک لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ پولیس افسر سمیت دیگر ملزمان کو اغوا برائے تاوان کے جرم میں عمر قید کی سزا ہوئی ہے۔ سرجانی ٹائون تھانے پر چھاپے کے دوران مغوی ڈیسک کے نیچے سے بندھا ہوا ملا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وکیل صفائی کہہ رہے ہیں رشوت کا کیس ہے، یہاں ڈیسک کے نیچے سے بندہ ملا ہے۔

وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ سرکاری وکیل یہ نہیں بتا رہے کہ بندے سے بوری بھرکر موٹر سائیکل کے پارٹس ملے تھے۔ ملزم کیخلاف قانونی کارروائی کی جارہی تھی جب چھاپہ پڑا۔مدعی مقدمہ مبینہ مغوی کی والدہ ہیں جو عینی شاہد بنی ہوئی ہیں۔ سی ڈی آر کے مطابق مدعیہ وقوعہ پر موجود نہیں تھیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو طلب کرتے ہوئے اپیل کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔