سی پی او راولپنڈی کی زیر صدارت ٹریفک افسران کا اجلاس، کارکردگی کاجائزہ

پیر 26 مئی 2025 22:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت ٹریفک افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ، ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پیز، سیکٹر انچارجز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سی پی او نے نئے پروموٹ ہونے والے ڈی ایس پیز کو مبارک باد دی اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل جیسے ون وے کی خلاف ورزی اور غلط پارکنگ کے خلاف بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے دس بڑے چوراہوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا گداگروں کے خلاف بھی ڈسٹرکٹ پولیس کے تعاون سے کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

پچھلے تین ماہ میں پنجاب میں سب سے زیادہ لائسنس راولپنڈی میں جاری کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کے بہاؤ کی مانیٹرنگ کے لیے گوگل میپ اور سیف سٹی کے لگ بھگ 1600 کیمروں سے مدد لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاتجاوزات کے خلاف 396 مقدمات درج کیے گئے اور 864 مقامات سے تجاوزات مکمل طور پر ختم کی گئیں۔ سی پی او نے کہا کہ آپ کی محنت سے بہت سی جانوں کا ضیاع روکا جا سکتا ہے اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ عوام کی آگاہی کے لیے ریڈیو پر خصوصی پروگرام، سیمینار اور واکس کا اہتمام کیا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :