ش*سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چوری شدہ پک اپ چند منٹوں میں برآمد، ملزم گرفتار

ض*مال روڈ سے گاڑی چوری ہونے پر متاثرہ شہری نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کی

پیر 26 مئی 2025 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2025ء) سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مال روڈ سے چوری ہونے والی پک اپ چند منٹوں میں ٹریس کرلی گئی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر ایک شہری نے اپنی گاڑی پارک کی اور خریداری کے لیے گیا۔ واپسی پر گاڑی غائب تھی جس پر متاثرہ شہری نے فوراً ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کی اور پولیس سے مدد طلب کی۔

(جاری ہے)

کال موصول ہوتے ہی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے گاڑی کی تلاش شروع کی۔ مختلف مقامات پر گاڑی کو ٹریس کرنے کے بعد تمام معلومات متعلقہ پولیس اسٹیشن کو فراہم کی گئیں۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف گاڑی برآمد کرلی بلکہ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق پنجاب بھر میں نصب جدید کیمروں کی مدد سے جرائم کی فوری ٹریسنگ ممکن ہو رہی ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال میں فوراً 15 پر کال کریں تاکہ بروقت مدد اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :