شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر پنجاب سیف سٹیز کے جدید مانیٹرنگ سسٹم سے پی ایچ پی کو منسلک کیا جا رہا ہے،ڈاکٹر اطہر وحید

پیر 26 مئی 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت روڈ سیفٹی، شاہرات پر قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ پی ایچ پی کو منسلک کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پیٹرول نے کہا کہ اس سر ویلینس سسٹم سے روڈ سیفٹی مہم، پنجاب کی شاہرات پر قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پی ایچ پی کی تمام پوسٹوں کو متعلقہ اضلاع کی سیف سٹیز اتھارٹیز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ پی ایچ پی کے 39اہلکاروں کو 13اضلاع میں پنجاب سیف سٹیز کے دفاتر میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اہلکار 24گھنٹے تین شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہرات پر پیش آنے والے حادثات اور جرائم کی بر وقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اگلے مرحلہ میں صوبہ بھر میں پی ایچ پی پوسٹوں پر شاہرات کی کوریج کے لیے جدید کیمرے لگائے جائیں گے۔ اس اقدام سے شاہرات پر ٹریفک کی مانیٹرنگ میں مدد ملے گی۔ ڈی آئی جی پی ایچ پی نے مزید کہا کہ اس مربوط نظام کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے ای چالان کیے جائیں گے۔