کوہستان اپر ، معمولی تکرار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی، 2 ملزمان گرفتار

منگل 27 مئی 2025 10:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) کوہستان اپر میں معمولی تکرار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ،واقعے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ کمیلہ کی حدود کمیلہ بازار میں افسوسناک واقعہ پیش آیاجہاں گلاب ولد علی اکبر اور سعید اللہ ولد گلاب قوم شکرخیل ساکنان کمیلہ نے معمولی تکرار پر عبدالحکیم ولد ولی الرحمان کو آتشیں اسلحے سے نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر فرمان اللہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مسعود خان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جسے ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ کمیلہ عامر منظور اور ان کی ٹیم نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ دورانِ خانہ تلاشی ملزمان کے گھر سے ایک ایس ایم جی، 12 بور شارٹ گن اور 33 کارتوس برآمد کرلیے گئے ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔