ٹی ایم اے مانسہرہ کا مختلف مقامات پر انسداد تجاوزات آپریشن، متعدد تجاوزات ہٹا دیں

منگل 27 مئی 2025 11:00

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) ٹی ایم اے مانسہرہ نے مختلف مقامات پر انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران متعدد تجاوزات ہٹا دیں۔ ضلعی انتظامیہ مانسہرہ کی ہدایات پر ٹی ایم او نے عمل کرتے ہوئے مانسہرہ شہر کے مختلف مقامات پر انسداد تجاوزات مہم چلائی، جن میں گڑھی روڈ، لاری اڈہ اور خاص طور پر جنرل بس سٹینڈ شامل ہیں۔ شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ دکاندار فٹ پاتھوں پر قبضہ جما کر پیدل چلنے والوں کے لیے رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان شکایات کے پیش نظر اے ٹی ایس مانسہرہ کی نگرانی میں انسداد تجاوزات سکواڈ اور انکروچمنٹ انسپکٹر نے ایک کارروائی کا آغاز کیا تاکہ ان مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ اس مہم کے دوران متعدد تجاوزات کو ہٹایا گیا اور عوامی راستوں پر غیر قانونی طور پر رکھی گئی اشیاء کو ضبط کر لیا گیا۔ دکانداروں کو سختی سے تنبیہ بھی کی گئی کہ وہ اپنی تمام اشیاء دکانوں کی حدود میں رکھیں اور آئندہ کسی بھی صورت میں عوامی جگہ پر قبضہ نہ کریں۔ ٹی ایم اے مانسہرہ نے ایک بار پھر اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہری نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھلے رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔