لالو پرساد نے بیٹے کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا

فیصلہ سوشل میڈیا پر تیج پرتاپ یادیو کی لڑکی کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا ،لالوپرساد

منگل 27 مئی 2025 14:27

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)بھارت کے سینئر سیاستدان اور اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے سربراہ لالو پرساد یادیو نے اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاب یادیو کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 76 سالہ لالو پرساد یادیو نے اپنے بڑے بیٹے اور ریاستی اسمبلی میں پارٹی رہنما 37 سالہ تیج پرتاب یادیو کو 6 سال کیلیے پارٹی سے نکال دیا ہے ۔

(جاری ہے)

آر جے ڈی کے سربراہ نے بیٹے کو خاندان اور پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ سوشل میڈیا پر تیج پرتاپ یادیو کی لڑکی کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیا ۔لالو پرساد یادیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ذاتی زندگی میں اخلاقی اقدار نظرانداز کرنا سماجی مقاصد کے ساتھ اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بڑے بیٹے کی سرگرمیاں، عوامی رویہ اور غیر ذمے دارانہ برتاو ہماری خاندانی اقدار اور روایات کے مطابق نہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر انہیں پارٹی اور خاندان سے نکال رہے ہیں۔لالو پرساد یادیو نے اپنے بیان میں یہ بھی لکھا کہ اب سے تیج پرتاب یادیو کا پارٹی یا خاندان میں کسی قسم کا کوئی کردار نہیں ہوگا، وہ 6 سال کیلیے نکال دیے گئے ہیں۔