عازمِ حج کو چھوڑ کر جانے والا طیارہ 2 بار خراب، پائلٹ بالآخر ساتھ لے جانے پر مجبور ہوگیا

لیبیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے سفر حج کے دوران پیش آنے والے معجزاتی واقعے نے سب کی توجہ حاصل کرلی

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 11:46

عازمِ حج کو چھوڑ کر جانے والا طیارہ 2 بار خراب، پائلٹ بالآخر ساتھ لے ..
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) عازمِ حج کو چھوڑ کر جانے والا طیارہ 2 بار خراب ہونے کے بعد پائلٹ بالآخر ساتھ لے جانے پر مجبور ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی افریقہ کے عرب ملک لیبیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے سفر حج کے دوران پیش آنے والے معجزاتی واقعے نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے، لیبیا کے جنوبی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان عامر المہدی المنصور رواں سال حج کے لیے جانے کے لیے ہوائی اڈے پہنچے جہاں ان کے نام میں کسی غلطی کے باعث انہیں سکیورٹی حکام نے روک لیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس معاملے پر ہونے والی تفتیش وغیرہ کا مرحلہ طول پکڑ گیا اور تصدیق نہیں ہورہی تھی کہ اس دوران دیگر عازمین کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوا اور سب جہاز میں جاکر بیٹھ گئے، جس کے ساتھ ہی طیارے کے دروازے بند کردیئے گئے جس کے بعد عامر القذافی کی تفتیش کا مرحلہ مکمل ہونے پر پائلٹ کو آگاہ کیا گیا تاہم اس نے طیارے کا دروازہ کھولنے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی انچارج نے عامر کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بات نہیں ناراض نہ ہو، تمہاری قسمت میں حج کا سفر لکھا ہوا نہیں تھا‘، یہ بات سن کر ائیرپورٹ کے لاؤنج میں کھڑے نوجوان نے بڑی تمکنت کے ساتھ جواب دیا کہ ’میری نیت حج کی ہے انشاءاللہ ضرور جاؤں گا، جہاز میرے بغیر نہیں اڑے گا‘، اسی دوران ائیرپورٹ کے ٹاور کو پائلٹ کا پیغام ملا کہ طیارے میں کچھ فنی خرابی آئی ہے جس کے باعث واپس لینڈنگ کرنا ہوگی، طیارہ لینڈ ہوا اور فنی خرابی دور کردی گئی لیکن قانون کے مطابق بورڈنگ سے رہ جانے والے مسافر کو جہاز پر سوار ہونے سے منع کردیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ پائلٹ نے عامر المہدی کو طیارے پر سوار کروانے سے انکار کردیا اور جہاز نے دوبارہ اڑان بھری، اس کے بعد سکیورٹی انچارج ایک بار پھر نوجوان کے پاس آئے اور پھر وہی روایتی تسلی دہرائی لیکن عامر کا جواب پھر وہی تھا کہ ’میری نیت حج کی ہے انشاءاللہ ضرور جاؤں گا، جہاز میرے بغیر نہیں اڑے گا‘، کچھ ہی دیر اڑان کے بعد طیارے نے دوبارہ فنی خرابی کا پیغام پہنچا کر لینڈنگ کی درخواست کردی۔

معلوم ہوا ہے کہ طیارہ جب دوسری بار اترا تو پائلٹ نے کہا کہ ’اس مسافر کو سوار کیے بغیر اب سفر نہیں ہوگا‘ اور یوں بیت اللہ کی زیارت کے لیے بے تاب عامر المہدی کو طیارے پر سوار ہونے کی اجازت مل گئی، سعودی ائیر پورٹ پر اتر کر اس نوجوان نے پیغام دیا کہ ’ جب اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے کسی چیز کو لکھ دیا ہو تو پوری کائنات کو تمہارے لیے مسخر کردیتا ہے‘، یہ واقعہ ان دنوں عرب ممالک میں سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوچکا ہے۔