پنجاب اسمبلی کے 26 اراکین کی بحالی پر مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم

دونوں فریقین کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق، صوبائی وزراء اور اپوزیشن لیڈر نے میڈیا کو آگاہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جولائی 2025 21:05

پنجاب اسمبلی کے 26 اراکین کی بحالی پر مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی 2025ء ) پنجاب اسمبلی سے معطل ہونے والے 26 اراکین کی بحالی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا، دونوں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی اور ریفرنس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تاحال بڑا بریک تھرو نہ ہوسکا، مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا، سپیکر چیمبر میں مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مزید مذاکرات پر اتفاق ہو گیا، اپوزیشن اراکین کے مطابق ایک 2 گھنٹے میں یہ چیزیں ختم نہیں ہوں گی جبکہ حکومتی ٹیم کا کہنا ہے کہ آئین جو بھی کہتا ہے معطل ارکان کو اس کے مطابق ڈیل کیا جائے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ جو مذاکرات ہوئے وہ نتیجہ خیز نہیں تھے، مزید مذاکرات پر اتفاق ہوا ہے، آج ہماری دوسری میٹنگ ہوئی جبکہ دیگر میٹنگز جاری ہیں، رولز اف پروسیجر پر میٹنگز ہو رہی ہیں، سپیکر نے کہا دونوں فریقین کو اسمبلی کے تمام اصولوں کو فالو کرنا ہوگا، ہم دو مختلف پارٹیاں ہیں، ہماری اپنی اپنی پارٹی کا موقف ہے، ایک دو گھنٹے میں یہ چیزیں ختم نہیں ہوں گی، ہم اپنی پارٹی سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح حکومتی اراکین نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری آج کی اپوزیشن کے ساتھ ہونے والی میٹنگ بہت اچھی رہی، ابھی کچھ چیزیں فائنل نہیں ہوئی ہیں، مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ یہ اسمبلی ہمارا گھر ہے اس کی حرمت پر بات نہیں آنی چاہیئے اور اپوزیشن نے اس پر اتفاق کیا ہے، ابھی مزید ہماری ایک یا دو میٹنگز ہوں گی، ہمیں امید ہے ہمارے اپوزیشن کے بھائی اسمبلی کے وقار کو قائم رکھیں گے، اپوزیشن اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کرے گی امید ہے جلد اس معاملے کا باوقار حل نکل ائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اراکین کو ڈی سیٹ کرنا نہیں کیونکہ وہ منتخب ہوکر آئے ہیں، اسی لیے ہم چاہتے ہیں انہیں اسمبلی کے ضوابط کا پابند کریں، ہمارا مذاکرات کرنے کا ایک ہی مقصد اس معزز ایوان کی عزت اور تکریم کرانا ہے، 22 ممبران قومی اسمبلی نے باسٹھ تریسٹھ کا ریفرنس میاں نوازشریف کے خلاف فائل کیا تھا اور ہم اس بنیاد پر ہی درخواست اسپیکر کے پاس لے کر گئے تھے۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف ریفرنس بھیجنے کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان شامل تھے، حکومتی اراکین سمیع اللہ خان، افتخار چھچھر، راحیلہ خادم، خواجہ سلمان رفیق رانا محمد ارشد، بلال یاسین، سابق اسپیکر رانا اقبال پنجاب اسمبلی میں موجود تھے جب کہ اپوزیشن اراکین میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھڑ، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، چیف وہپ رانا شہباز، علی امتیاز وڑائچ اور اعجاز شفیع شامل تھے۔