عبدالماجد خان گزشتہ 20برس سے مسلسل اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں حلقے کی عوام کی پسماندگی انتہا کو پہنچ گئی،حیدر خان سلہریا

اس وزیر نے صرف اپنی جیبیں بھریں، اپنی پسند کے افراد کو پلاٹ، اسکیمیں اور دیگر مراعات دے کر اقربا پروری، رشوت اور کرپشن کی نئی مثالیں قائم کیں

منگل 27 مئی 2025 16:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)نوجوان سیاسی و سماجی رہنما ویلی 6کے پی کے حیدر خان سلہریا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ویلی 6 کے عوام کی حالت زار، بے بسی اور پسماندگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ موجودہ ایم ایل اے و وزیر خان عبدالماجد خان جو گزشتہ بیس برس سے مسلسل اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں، حلقے کے عوام کے لیے کسی بھی قسم کی خاطر خواہ خدمات سرانجام دینے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے، اس وزیر نے صرف اپنی جیبیں بھریں، اپنی پسند کے افراد کو پلاٹ، اسکیمیں اور دیگر مراعات دے کر اقربا پروری، رشوت اور کرپشن کی نئی مثالیں قائم کیں، عوامی منصوبے کاغذی کارروائیوں میں دفن کر دیے گئے اور ترقیاتی فنڈز کا رخ عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنی سیاسی جاگیر کو مضبوط کرنے کی جانب موڑ دیا گیا، اس حلقے کے تعلیمی ادارے کھنڈر بن چکے ہیں، صحت کی سہولیات صفر ہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نوجوان بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں اور غریب شہریوں کی فریادیں سننے والا کوئی نہیں، موجودہ وزیر نے صرف اپنے درباری ٹولے کو نوازا، عام آدمی کو ہمیشہ نظرانداز کیا، عوامی جلسوں میں جھوٹے وعدے، جھوٹی تقریریں اور جھوٹے دعوے کر کے ہر الیکشن میں سادہ لوح عوام کو گمراہ کیا، لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا کیونکہ اب اپوزیشن متحد ہو رہی ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے خصوصی بیان میں کیا،نوجوان سیاسی و سماجی رہنما ویلی 6کے پی کے حیدر خان سلہریا کا مزید کہنا تھا کہ عبد الناصر خان ،سمعیہ ساجد، عبدالباری، نواز سلہریا اور دیگر اہم شخصیات کو دعوت دیتے ہیںکہ آئندہ انتخابات میں ایک متفقہ امیدوار سامنے لایا جائے گا تاکہ حلقہ ویلی 6 کی عوام اس ظلم، دھونس، اقربا پروری اور کرپشن سے نجات پا سکیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کی کوشش ہے کہ ایسے امیدوار کو آگے لایا جائے جو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کرے، کشمیر کے مظلوم طبقے کی آواز بنے، اور ان لوگوں کو انصاف دلائے جو دو دہائیوں سے مسلسل محرومیوں کا شکار ہیں، حلقہ ویلی 6 میں حکومتی وزیرخان عبدالماجد خان نے اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات قائم کرائے، ان کی آواز دبانے کی ہر ممکن کوشش کی، میڈیا کو کنٹرول کر کے سچ کو چھپایا، لیکن اب میڈیا پر دباؤ کا دور ختم ہو رہا ہے اور عوام کے اندر شعور بیدار ہو رہا ہے، اب کشمیری عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، ان کا کہنا ہے کہ ہم سب مل کر اس فرعون صفت وزیر کے خلاف عوامی تحریک چلائیں گے، ہر گلی، ہر محلے میں جا کر لوگوں کو اس کی چالاکیوں سے آگاہ کریں گے، ہم اب خاموش نہیں بیٹھیں گے، بیس سال کی غلامی ختم ہونے جا رہی ہے، عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہم ان کرپٹ عناصر کو ایوان سے باہر پھینکیں گے،آئندہ چند روز میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے کا اعلان کیا جا سکتا ہے جس میں تمام اپوزیشن قیادت اکٹھی ہو کر اس نعرے کے ساتھ میدان میں اترے گی کہ‘‘ویلی 6 کو آزاد کرو‘‘، عوام کو اس بار اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ اگر پھر سے انہی لٹیروں کو موقع دیا گیا تو اگلے پانچ سال بھی اندھیرے میں گزر جائیں گے، اس وزیر نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ہر قسم کی سازشوں کا سہارا لیا، مگر اب وقت بدل چکا ہے، عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے ایک نیا اتحاد جنم لے رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سیاسی اتحاد میں مقامی بااثر شخصیات، نوجوان نمائندے، تعلیم یافتہ افراد، اور خواتین کی نمائندگی بھی شامل ہوگی تاکہ ایک جامع اور حقیقی تبدیلی کا آغاز ہو، حیدر خان نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صرف باتوں پر نہیں، عمل پر یقین رکھتے ہیں، اب صرف تقریریں نہیں، عملی اقدامات ہوں گے، ویلی 6 کی تقدیر بدلے گی، اور ماجدخان کا اقتدار ختم ہو کر رہے گا، عوامی سطح پر بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جگہ جگہ لوگ موجودہ وزیر کی نااہلی پر کھلے عام احتجاج کرتے نظر آ رہے ہیں، حلقے میں پچھلے انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، ذرائع کے مطابق بعض سرکاری افسران نے بھی پس پردہ اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حلقے کی حالت ان کے لیے شرمندگی کا باعث بن چکی ہے، مگر چونکہ وزیر بااثر ہے اس لیے کوئی اس کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت نہیں کرتا، لیکن اب یہ خاموشی ختم ہونے جا رہی ہے، موجودہ وزیر نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے وہ تمام اسکیمیں بند کر دیں جو اپوزیشن کے علاقوں میں چل رہی تھیں، حتیٰ کہ بیمار افراد کے لیے جاری ہونے والی طبی امداد بھی منسوخ کر دی گئی، یہ سب کچھ سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں ہیں، جس کا خمیازہ مظلوم عوام کو بھگتنا پڑا، اب عبد الناصر خان،سمعیہ ساجد، عبدالباری اورنواز سلہریا جیسے رہنماؤں کی قیادت میں عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب کی بار اقتدار ان کا مقدر نہیں بنے گا جو صرف اپنے خاندان، اپنے رشتہ داروں اور درباریوں کو نوازتے ہیں، بلکہ اب فیصلہ عوام کرے گی اور عوامی نمائندہ ایوان میں پہنچے گا، اس سیاسی بیداری کی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں بڑے بڑے نام اپوزیشن کے ساتھ آ کر کھڑے ہو سکتے ہیں، ماجد خان کی راتوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں کیونکہ اسے اندازہ ہو چکا ہے کہ اس بار اس کی دکان بند ہونے جا رہی ہے، حلقے کے عوام کو اب مزید دھوکا نہیں دیا جا سکتا، یہ خبر ہر اس شخص کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو یہ سمجھتا تھا کہ ظلم ہمیشہ چلتا رہے گا، نہیں، اب کشمیری جاگ چکے ہیں، ویلی 6 کے پی کے کی تاریخ بدلنے والی ہے، اور یہ بدلاؤ بہت جلد آئے گا۔