پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی کی زیر صدارت جامعہ بلوچستان میں ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاس کا انعقاد

منگل 27 مئی 2025 16:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) جامعہ بلوچستان میں 186ویں ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (AS&RB) کا اجلاس منگل کو وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے سنڈیکیٹ ہال میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، گریجویٹ سٹڈیز آفس (GSO) کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر اقبال اور مختلف شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز اور چیئرپرسنز نے شرکت کی۔

اجلاس میں 37 ایم ایس، ایم فل اور 6 پی ایچ ڈی پروگراموں کی تحقیقی تجاویز اور تھیسس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے تحقیقاتی موضوعات کو موجودہ دور کے چیلنجز سے ہم آہنگ اور معاشرتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے اہمیت دی۔اجلاس کے دوران متعدد ایم فل،پی ایچ ڈی ریسرچ رپورٹس کی منظوری دی گئی اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے سپروائزرز مقرر کیے گئے۔

(جاری ہے)

پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی نے یونیورسٹی میں تحقیقی ثقافت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور بین الشعبہ جاتی تعاون اور قومی مسائل پر تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی نے تحقیقی معیار اور ضوابط کی پابندی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ گریجویٹ سٹڈیز آفس کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر اقبال نے یونیورسٹی کے تحقیقی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

تمام ڈینز اور ڈائریکٹرز نے فعال شرکت کی اور ایم فل اور پی ایچ ڈی تحقیق کے موضوعات کی منظوری کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں، جنہوں نے تحقیق کو قومی ترجیحات اور کمیونٹی کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ترجمان جامعہ بلوچستان کے مطابق یہ اجلاس جامعہ بلوچستان کے تعلیمی معیار اور تحقیق کے فروغ کے لیے اس کے مسلسل عزم کا عکاس ہے، جو نہ صرف علمی ترقی بلکہ معاشرتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :