رائے ونڈ میں قائم عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان

پانی،روشنی،سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر بیوپاریوں کا احتجاج

منگل 27 مئی 2025 17:00

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) رائے ونڈ میں قائم عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان، پانی، روشنی، سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر بیوپاریوں نے شدید احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے زیر انتظام رائے ونڈ سند رروڈ پر لگائی گئی عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کی عدم فراہمی سے بیورپاریوں کیلئے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں،دور دراز سے آنے والے بیوپاریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی افسران کی غفلت کے باعث منڈی میں جانوروں اور بیوپاریوں کے لئے پینے کا پانی دستیاب نہیں ،غیر معیاری ٹینٹ لگائے گئے ہیں جس سے گرمی کی شدت بڑ ھتی ہے،عارضی منڈی میں جنریٹر نہیں لگائے گئے جس سے رات کی تاریکی میں جہاں بیوپاریوں کے جانور چوری ہونے کا اندیشہ ہے وہاں خریداروں کے لئے بھی مشکلات درپیش آرہی ہیں ،محکمہ صحت کے کیمپ میں ادویات موجود نہیں ہیں،صفائی ستھرائی کے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں۔

(جاری ہے)

بیوپاریوں نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی کے انتظامات پر کوئی توجہ نہیں دی،کھلے آسمان تلے شدید گرمی میں جانور بیمار ہو رہے ہیں،سائے کا بھی مناسب انتظام نہیں ہے،گزشتہ سال عارضی مویشی منڈی میں سانپ سمیت دیگرموذی حشرارت الارض کے ڈسنے سے جانور ہلاک ہو چکے ہیں،جانوروں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں،بیوپاری نہری پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں،کوئی پرسان حال نہیں ہے،ضلعی انتظامیہ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی اس ہٹ دھرمی کا نوٹس لیکر رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی میں سہولیات کو فوری فراہم کرئے تاکہ خریداروں کیساتھ بیوپاریوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔