مہنگائی کے دور میں انسان دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہے ، نصیب اللہ کاکڑ

منگل 27 مئی 2025 22:47

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2025ء) پیپلز ریلوے ورکرز اور ریلوے لیبر یونین سبی کے زیر اہتمام آج TLA مزدوروں کے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بھٹو شہید باغ ریلوے اسٹیشن سبی سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ریلوے مزدوروں نے بھرپور شرکت کی احتجاجی ریلی کی قیادت لیبر یونین کے زونل صدر نصیب اللہ کاکڑ نے کی۔ ریلی کے شرکا نے ریلوے انتظامیہ اور ریلوے اکاونٹس آفیسر کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے ریلوے کے مختلف علاقوں کا گشت کرتے ہوئے ای این ریلولے آفس سبی پہنچ گئے جہاں پر ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز ریلوے ورکرز کے ڈویژنل کوارڈنیٹر حبیب اللہ بھٹو،صدر شکر خان ابڑو، جنرل سیکرٹری شکر خان جمالی، لیبر یونین کے زونل صدر نصیب اللہ کاکڑ، وائس پریزیڈنٹ میر سیف اللہ مگسی سمیت دیگر نے مقررین نے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں انسان دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہے ریلوے انتظامیہ اور ریلولے اکاونٹس آفیسر نے گذشتہ دو ماہ سے TLA سبی ہرنائی کے ملازمین کی تنخواہوں کو بلاوجہ بند کر دیا ہے جبکہ ملازمین اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی TLA ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی ملازمین کے ساتھ سراسر ذیادتی کے مترادف ہیں مقررین نے کہا کہ ٹی ایل اے ملازمین کی دو ماہ سے تنخواہوں کی بندش کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور بچے فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے جبکہ کچھ دن بعد عید قربانی ہے ملازمین کی تنخواہوں بند ہونے کی وجہ سے ریلوے ٹی ایل اے ملازمین کے عید کی خوشیاں ماند ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں مقررین نے کہا کہ ریلوے اکاونٹس آفیسر اور ریلوے انتظامیہ نے اگر کل تک ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی ہے تو ہم احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھائیں گے صوبائی سطح پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیا جائے گا حالات کی تمام تر ذمہ داری ریلوے انتظامیہ اور ریلوے اکاونٹس آفیسر پر عائد ہوگی۔