۹ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ڈی سی آفس کوئٹہ میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد

منگل 27 مئی 2025 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ڈی سی آفس کوئٹہ میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی نے کی۔ کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے اعلی افسران اور ضلعی افسران نے بھرپور شرکت کی۔اس اہم عوامی فورم میں محکمہ صحت، تعلیم، واسا، پی ایچ ای، کیسکو، سوئی گیس، صفا کوئٹہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن، محکمہ ایریگیشن سمیت تمام سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، رجسٹرار، سب رجسٹرار اور تحصیل کے دیگر متعلقہ عملے نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں، ڈی سی آفس کی تمام برانچوں کے افسران و اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے تاکہ سائلین کے مسائل براہِ راست سن کر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مختلف مسائل کے حوالے سے درخواستیں جمع کروائیں۔ سائلین کی طرف سے بجلی، گیس، بلاک شناختی کارڈ، ریوینیو سے متعلقہ امور، صفائی و ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے شکایات و تجاویز پیش کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے متعدد ارجنٹ درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے فوری حل کو یقینی بنایا، جبکہ باقی درخواستوں کو متعلقہ محکموں کو ارسال کر دیا گیا تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان درخواستوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی جائے گی اور آئندہ کھلی کچہری سے قبل ان مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی آبادی زیادہ ہے جس کے باعث مسائل کی نوعیت اور تعداد بھی زیادہ ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے عوامی فورمز سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے بلکہ ضلعی اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔ آئندہ بھی کھلی کچہریوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی مسائل بروقت اور مثر طریقے سے حل کیے جا سکیں۔