اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

بدھ 28 مئی 2025 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) اسلام آباد کیپٹل پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ منگل کو رات گئے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پورے اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہید اہلکار کو نماز جنازہ کے بعد سلامی دی گئی اور ان کی میت کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں تھلہ ایبٹ آباد روانہ کر دیا گیا۔

ان کی تدفین ان کے آبائی علاقے میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نماز جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ افسران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ حکام نے بھی شرکت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی ایک پیشہ ور اور نڈر تفتیشی افسر تھے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر خطرناک ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے مثالی بہادری کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہید اہلکار کے اہل خانہ کا مکمل خیال رکھے گی اور ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے پرعزم ہے اور فرائض کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔آئی جی نے کہا کہ اس وقت تین سینئر ایس ایس پیز واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں۔آئی جیسید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور اسلام آباد پولیس مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پولیس فورس اپنے شہید ساتھی کی ہمت اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے متحد ہے۔