یوم تکبیر پاکستان کی قومی خودمختاری اور اتحاد کی تاریخی علامت ہے،ہمیں اپنے سائنسدانوں اور قیادت پر فخر ہے،ہارون اختر خان

بدھ 28 مئی 2025 16:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی قومی خودمختاری اور اتحاد کی تاریخی علامت ہے،ہمیں اپنے سائنسدانوں اور قیادت پر فخر ہے، پوری قوم ان کی ذہانت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آج ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے ۔وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے 28 مئی بدھ کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں ہارون اختر خان نے کہا کہ یومِ تکبیر: قومی خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے۔

ہارون اختر خان نے یوم تکبیر کے دن کو پاکستان کی قومی خودمختاری اور اتحاد کی تاریخی علامت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے پہلی اسلامی ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا میں اپنا مقام حاصل کیا اور اپنے دفاع کو ناقابلِ شکست بنا دیا۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے سائنسدانوں اور قیادت پر فخر ہے، پوری قوم ان کی ذہانت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آج ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

انہوں نے یومِ تکبیر کو قومی غیرت اور اجتماعی عزم کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن صرف ایک اسٹریٹجک طاقت کی یادگار نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور حوصلے کا جشن بھی ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خود انحصار پاکستان ہی ہمارے شہداء اور سائنسدانوں کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہمارا اگلا ہدف معاشی خودمختاری کا حصول ہے۔اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ پر بھروسہ اور قومی اتحاد ہمیشہ ہماری کامیابی کی کنجی رہے ہیں، 28 مئی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم عزم اور اتحاد کے ساتھ ہر منزل حاصل کر سکتے ہیں۔