Live Updates

وزیرداخلہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، زائرین کیلئے بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

دونوں ممالک کا زائرین کی سہولت، سرحدی سکیورٹی، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال، زائرین کی سہولت کیلئے پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 مئی 2025 13:28

وزیرداخلہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، زائرین کیلئے بارڈر 24 گھنٹے کھلا ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) پاکستان اور ایران نے زائرین کی آمد و رفت کو آسان اور محفوظ بنانے کیلئے فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سےملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان زائرین کی سہولت، سرحدی سیکیورٹی، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سمیت متعدد امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے زائرین کی آمد و رفت کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ بحری راستے سے بھی زائرین کو ایران اور عراق منتقل کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں اربعین اور محرم کے ایام میں پاکستان اور ایران کا سرحدی راستہ 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس موقع پر محسن نقوی نے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے تحفظ اور آرام کے لیے دو طرفہ اقدامات نہایت اہم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام سے زائرین سے متعلق مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بارڈر سکیورٹی مینجمنٹ، غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، اس ضمن میں بارڈر پر کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے دوران ایرانی ہم منصب نے پاکستان میں زیر حراست ایرانی ماہی گیروں کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں ایرانی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ایران 5 ہزار پاکستانی زائرین کو قیام و طعام کی سہولیات فراہم کرے گا اور زائرین کے لیے بارڈر سے عراق تک انتظامات کی مکمل ذمہ داری ایرانی حکومت اٹھائے گی، ملاقات کے اختتام پر پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کے درمیان ایک سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ زائرین سے متعلق پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات