Live Updates

مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے فروغ اور مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے قومی ٹیرف پالیسی کو معقول بنایا جائے، پاپم

بدھ 28 مئی 2025 16:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز نے کہا ہے کہ مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے فروغ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے قومی ٹیرف پالیسی 2025-2030 کو معقول بنایا جائے۔ بدھ کو یہاں جاری ایک بیان میں ایسو سی ایشن نے کہا کہ ہماری تجاویز کا محور قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

ان پر عمل درآمد سے ملکی صنعت کا مستقبل محفوظ ہو گا اس لیے ان تجاویز کو آئندہ سالانہ بجٹ میں شامل کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شعبہ روزگار پیدا کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور درآمدات پر انحصار کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پاپم کی طرف سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کو پیش کردہ تفصیلات میں واضح کیا گیا ہے کہ مقامی پارٹس مینو فیکچررز کو مکمل طور پر ناکڈ ڈاو ن کار کٹس پر 18 فیصد تحفظ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

اگر کاریں 15 فیصد پر درآمد کی جاتی ہیں تو پرزے صفر سے 10 فیصد پر درآمد کیے جائیں گے۔ خام مال و پلاسٹک کی بلند قیمتوں، درآمدی محصولات اور مہنگی بجلی کی وجہ سے مقامی مینوفیکچررز کو یہ مال تیار کرنا تھائی لینڈ، بھارت، چین، انڈونیشیا اور ویتنام کے مقابلے میں مہنگا پڑتا ہے۔ ان حالات میں ملک میں مینوفیکچرنگ کو جاری رکھنا قابل عمل نہیں ہے۔ سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے بھی پاپم اور پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطالبات کی مکمل حمایت کی ہے اور دونوں ایسوسی ایشنز کو یقین دلایا ہے کہ وہ مشکلات سے دوچار مینوفیکچررز کے مطالبات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات