Live Updates

پنجاب کے 17 اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کیلئے نیا ترمیمی بل تیار

صارف عدالتوں کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کو منتقل کئے جائیں گے، صارفین اب اپنی شکایات براہ راست ڈپٹی کمشنر یا حکومت کی جانب سے مقررہ کسی اور افسر کو بھی جمع کرا سکیں گے، ترمیمی بل کوپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرا دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 14:25

پنجاب کے 17 اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کیلئے نیا ترمیمی بل تیار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)پنجاب کے 17 اضلاع میں صارف عدالتیں ختم کرنے کیلئے نیا ترمیمی بل تیار ،دی پنجاب صارف تحفظ (ترمیمی) بل کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرا دیا گیا، ترمیمی بل کو آج متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا جائے گا، جو دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی،بل کے متن کے مطابق صارف عدالتوں کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کو منتقل کئے جائیں گے۔

ترمیم کے تحت ضلعی عدالتوں میں ڈسٹرکٹ جج یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بطور صارف عدالت جج فرائض انجام دیں گے۔صارفین اب اپنی شکایات براہ راست ڈپٹی کمشنر یا حکومت کی جانب سے مقررہ کسی اور افسر کو بھی جمع کرا سکیں گے۔نئے ترمیمی بل میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت سے اضلاع میں ایک یا زائد صارف عدالتیں بھی قائم کی جا سکیں گی جبکہ صارف کی شکایت پر متعلقہ افسر ملزم کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

(جاری ہے)

حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو شکایات کے فوری اور موثر ازالے کیلئے ایک جامع نظام فراہم کرنا ہے تاہم ماہرین قانون اور شہری حلقوں کی جانب سے اس بل پر ممکنہ تحفظات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل پنجاب حکومت نے17 کنزیومر کورٹس ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سمری صوبائی کابینہ کے سامنے رکھنے کی اجازت دیدی تھی۔

بتایا گیا تھا کہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سمری میں تجویز دی گئی تھی کہ لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت سے ایک یا زائداضلاع میں ڈسٹرکٹ جج تعینات کئے جائیں گے جو بطور صارف عدالت خدمات سرانجام دیں گے۔سمری میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ کیسوں کی تعداد بہت کم جبکہ اخراجات بہت زیادہ تھی۔ فی کیس اوسطاً خرچ 1 لاکھ 17 ہزار 167 روپے آیا جو خزانے پر بھاری بوجھ تھا۔

گزشتہ مالی سال میں صرف 1864 کیس زیر سماعت آئے تھے جن کیلئے 15 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کرنا پڑاتھا۔ ڈائریکٹوریٹ آف کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 3 مالی سالوں میں موجودہ صارف عدالتوں میں مجموعی طور پر 8381 کیس دائر ہوئے تھے۔ان کیسز کیلئے 98 کروڑ 19 لاکھ 88 ہزار روپے کی بھاری رقم مختص کی گئی تھی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات