اسرائیل غزہ میں جارحیت بند کر تے ہوئے انسانی قانون کا احترام کرے، اٹلی

بدھ 28 مئی 2025 16:48

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) اٹلی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جارحیت بند کرے اور انسانی قانون کا احترام کرے۔رائٹرز کے مطابق اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے بدھ کے روز فلسطینیوں کو زبردستی انخلا کے کسی بھی اقدام کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کا مسلسل حملہ ناقابل قبول ہو گیا ہے اور اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اسرائیل پر بڑھتی ہوئی مغربی تنقید کے درمیان غزہ کی صورتحال کے بارے میں پارلیمنٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ایک خوفناک اور بے ہودہ عمل پر اسرائیلی حکومت کا ردعمل خوفناک اور ناقابل قبول شکل اختیار کر رہا ہے، جسے ہم اسرائیل سے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری ختم ہونی چاہیے، انسانی امداد جلد از جلد دوبارہ شروع ہونی چاہیے، بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام بحال ہونا چاہیے۔