ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا،پروفیسر فرید شریف فاروقی

بدھ 28 مئی 2025 19:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، پاکستان دلیرانہ فیصلے سے ایٹمی طاقت بنا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان فورم اور گورنمنٹ ولایت حسین اسلامیہ گریجوایٹ کالج ملتان کے زیرِ اہتمام یومِ تکبیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، پرنسپل گورنمنٹ ولایت حسین کالج پروفیسر حافظ عبد الصمد طاہر، بیرسٹر سید عابد امام شاہ،مخدوم شعیب اکمل قریشی ، سیاسی و سماجی رہنماؤں،شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد ،طلباء و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر فرید شریف نے کہا کہ 28 مئی ملکی تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے ، دشمن ہماری ایٹمی طاقت سے خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ہماری افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ پرنسپل گورنمنٹ ولایت حسین اسلامیہ گریجوایٹ کالج پروفیسر حافظ عبد الصمد طاہر نے کہا کہ دفاع پاکستان میں قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پاکستانی افواج ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر 28 مئی اور ملکی سلامتی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔