سیالکوٹ،پاکستان مسلم لیگ (ن )کی جانب سے یوم تکبیر کے حوالہ سے عظیم الشان ریلی کا انعقاد

بدھ 28 مئی 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) سیالکوٹ کی جانب سے یوم تکبیر کے حوالہ سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔یہ ریلی سیالکوٹ وزیر آباد روڈ سے شروع ہوئی اور سمبڑیال میں اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں مسلم لیگ (ن )کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت مسلم لیگ (ن )کے عہدیدران سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر عزم و استقلال اور عہد و پیماں کا استعارہ ہے، 28مئی کو پاکستان نے ایٹمی دھماکاکرکے ملک دشمن قوتوں کو یہ واضع پیغام دیا تھا کہ ہم کسی سے کم نہیں بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائےگا،28مئی 1998ءکو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کےساتھ خطے میں طاقت کا توازن یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ پاکستان کو جوہری طاقت بنانے کے بعد اب مسلم لیگ (ن )کی توجہ ملک کو معاشی قوت بنانے پر مرکوز ہے تاکہ عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جاسکے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور کوئی دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر ہر سال 28مئی کو منایا جاتا ہے اور یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان دنیا کے سامنے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور پاکستان نے ایٹمی تجربات کرکے ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنادیا۔