ضلع پشین میں 28 مئی یوم تکبیر کے سلسلے میں تقاریب و ریلیوں کا انعقاد

بدھ 28 مئی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر زاہد خان کی ہداہت کی روشنی میں ملک بھر کی طرح ضلع پشین میں بھی 28 مئی یوم تکبیر کے سلسلے میں مشترکہ تقریب اور ریلی سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں تقاریر و تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ اور ترقی فائونڈیشن کے اشتراک سے نکالی گئی ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) انجینئر نجم کبزئی نے کی جبکہ ریلی میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران،غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں،اساتذہ کرام،سیاسی و قبائلی عمائدین،انجمن تاجران،سول سوسائٹی اور شہریوں سمیت دیگر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے وطن عزیز کے سائنسدانوں،انجینئرز اور تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس مقصد کے حصول کے لیے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

ریلی سے قبل ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انجینئر نجم کبزئی نے کہا کہ یوم تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیمی قابلیت،مضبوط ارادہ،قومی اتحاد اور علمی محنت سے ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں،اس دن ہم اپنے سائنسدانوں،انجینئرز اور تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مقصد کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا،خاص طور پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کو جن کی بدولت آج پاکستان ایک ایٹمی ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے اور اپنے ملک کی حفاظت اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گےکیونکہ یوم تکبیر سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہوگااور آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو جدید تعلیم و تربیت فراہم کریں گے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے جسے ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے،اس دن پاکستان نے 1998 میں اپنے جوہری تجربات کامیابی سے مکمل کیے تھے اور دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی جوہری طاقت بن کر ابھرا تھاجبکہ یہ دن ہماری قومی خودمختاری،سائنسی پیش رفت اور دفاعی صلاحیتوں کی علامت ہے۔یوم تکبیر کا دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ پاکستان نے دفاعی طور پر خود کو مضبوط بنایا اور دنیا کے سامنے اپنی طاقت کا لوہا منوایا،اس لیے پاکستانی قوم کے لئے یہ دن فخر کا دن ہے۔

دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے دیگر مقررین نے بھی اس عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس دن اپنے اتحاد اور اتفاق کو مضبوط کرنا چاہیے جبکہ ہمیں اپنے ملک کے دفاع،ترقی اور خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنا ہوگااور اپنے اکابرین وطن کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگاتاہم آج کے دن ہم بحیثیت مسلمان پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج،سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور بارگاہ خداوندی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن پاک کو ہمیشہ محفوظ رکھتے ہوئے اسے مزید ترقی کے منازل طے کرنے کی راہ پر گامزن کرے۔