ایلون مسک حکومتی عہدے سے دستبردار ہو گئے

جمعرات 29 مئی 2025 11:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) امریکی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ارب پتی ایلون مسک نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کے طورحکومتی عہدہ چھوڑدیا ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق انہوں نے ایکس پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ وہ امریکی حکومت میں اپنا عہدہ مقررہ وقت ختم ہونے پر چھوڑ رہے ہیں جس کا مقصد وفاقی اخراجات کو کم کرنا تھا۔

انہوں نے مزید لکھاکہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کرنے میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی (ڈی اوجی ای )محکمہ حکومت کی کارکردگی مشن وقت کے ساتھ مضبوط ہوتا جائے گا کیونکہ یہ پوری حکومت کے لئے ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن نے مستقبل میں اخراجات میں مزید کٹوتیوں کو آگے بڑھانے کے لئے کیے گئے کام پرایلون مسک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایکس پرلکھا کہ ایلون مسک اور ان کی پوری ٹیم نے وفاقی حکومت میں دھوکہ دہی اور بدسلوکی کو بے نقاب کرنے کے لئےناقابل یقین کام کیا ہے۔انہوں نے لکھاکہ ایوان ڈی اوجی ای کے نتائج اور سفارشات پر جلد از جلد عمل کرنے کا خواہاں ہے تاکہ ہم امریکی صدراور امریکی عوام کی خواہش کے مطابق حکومت کے اخراجات میں مزید کٹوتیاں کر سکیں۔ ایلون مسک نے کہا کہ انہوں نے حکومتی عہدے پر رہتے ہوئے کافی کام کر لیا ہے اور وہ اب اپنا وقت ٹیسلا اور سپیس ایکس کے لئے وقف کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :