کمشنرکا شہر بھر کا دورہ ،مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ

جمعرات 29 مئی 2025 16:48

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہر بھر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے گورنمنٹ انبالہ کالج میں قائم انٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں پر طلبہ کے لیے فراہم کردہ سہولیات، امتحانی نظم و ضبط اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں کمشنر سرگودھا نے اقبال کالونی، استقلال آباد اور فاطمہ جناح روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ان ڈور سپورٹس کی سہولیات کے لیے مجوزہ "ارینا سپورٹس کمپلیکس" کی سائٹس کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور زور دیا کہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

کمشنر نے جیل روڈ پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی جانب سے جاری تعمیر و مرمت کے کام کا معائنہ کیا اور ادارے کے حکام سے شہر بھر میں واٹر فلٹریشن اور واٹر سپلائی پلانٹس کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے اور تمام مرمتی کام مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ دورے کے دوران کمشنر جہانزیب اعوان نے سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی "ستھرا پنجاب" مہم کے تحت شہر میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران اور سی او ایم سی عمر فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔