ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی پالیسی میں سعودی عرب کی اہم حیثیت ہے ، ایران

جمعرات 29 مئی 2025 17:15

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) ایران نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی پالیسی میں سعودی عرب کی اہم حیثیت ہے۔ العربیہ کے مطابق یہ بات ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا معاملہ حالیہ پیش رفت کے پیش نظر سنجیدہ توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور تہران ان دو طرفہ تعلقات کے تسلسل اور حج سیزن پر ان کے اثرات سے بچاؤ کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا معاملہ نئی تبدیلیوں کی وجہ سے سنجیدہ اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ میں رہبر اعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے دوستوں اور حج و زیارت کے ادارے کے ساتھ رابطے میں ہوں تاکہ ایرانی حجاج کے بھیجنے کے عمل یا حج سے متعلق انتظامات میں کسی قسم کا خلل نہ آئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی جو پالیسی ہم نے کچھ عرصہ قبل شروع کی ہے، وہ نہایت اہم پالیسی ہے اور اس پالیسی میں سعودی عرب کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے برادرانہ تعلقات کو جاری رکھیں گے اور ان میں کسی قسم کے خلل کی اجازت نہیں دیں گے۔