صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام فیز ٹو بارے اہم اجلاس

چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے فیز ٹو میں وظیفہ کو 25 سے بڑھاکر 60 ہزار کیا جا رہا ، عمر کی حد 28 سال مقرر کی گئی ہے

جمعرات 29 مئی 2025 18:48

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت چیف منسٹر انٹرن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام فیز ٹو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میںچیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے فیز ٹو کے آغاز کے لیے اہم نکات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا،فیز ون میں جو خامیاں سامنے آئیں، ان کا مکمل ازالہ کیا جائے گا اور ہر نوجوان کو اس کی متعلقہ فیلڈ میں انٹرن شپ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی جائے تاکہ نوجوانوں کو بہترین اداروں میں موقع دیا جا سکے، فیز ٹو میں نوجوانوں کو ابتدائی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اداروں میں مؤثر انداز سے خدمات سرانجام دے سکیں، چیف منسٹر انٹرن شپ وظائف کی رقم 25,000 روپے سے بڑھا کر 60,000 روپے ماہانہ کی جائے گی جبکہ اُمیدواروں کی عمر 28 سال مقرر کی گئی ہے۔

ڈی جی سپورٹس خضر افضال چودھری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مختلف سرکاری اور نجی ڈیپارٹمنٹس میں عملی تربیت اور تجربہ فراہم کیا جائے گا، ہر اُمیدوار کو اس کی تعلیمی قابلیت اور مہارت کے مطابق متعلقہ شعبے میں انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام سے قبل انٹرن شپ فراہم کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کی رجسٹریشن کی جائے گی، فیز ٹو کے آغاز سے قبل نوجوانوں کو مختصر مدت کی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اداروں میں بہتر انداز میں خدمات انجام دے سکیں۔

اجلاس میں نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے، اور انٹرن شپ کو زیادہ مؤثر بنانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ڈی جی سپورٹس کو ہدایت کی کہ وہ تمام تجاویز کی روشنی میں ایک مربوط پلان تشکیل دیں، جسے آئندہ اجلاس میں حتمی شکل دی جا سکے۔ اجلاس میںڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضر افضال چودھری، ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم ،ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیرحسن سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :