Live Updates

حکومت ایک منصوبے کے تحت پی ٹی آئی میں پھوٹ ڈلوانا چاہتی ہے جس سے ہوشیار رہا جائے

پی ٹی آئی کی مضبوطی جعلی حکمرانوں کی سیاسی موت کا پروانہ ہے، تحریک کی کامیابی کیلئے آپسی اختلافات کو پس پشت ڈال دینا چاہیئے۔ رہنماء پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 16 جولائی 2025 20:45

حکومت ایک منصوبے کے تحت پی ٹی آئی میں پھوٹ ڈلوانا چاہتی ہے جس سے ہوشیار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء) رہنماء پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت ایک منصوبے کے تحت پی ٹی میں پھوٹ ڈلوانا چاہتی ہے جس سے ہوشیار رہا جائے ، پی ٹی آئی کی مضبوطی جعلی حکمرانوں کی سیاسی موت کا پروانہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہ کہ تحریک کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کی ہر سطح کی قیادت کو پہلے سے بڑھ کر اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت ایک منصوبے کے تحت پی ٹی میں پھوٹ ڈلوانا چاہتی ہے جس سے ہوشیار رہا جائے ۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی مضبوطی ہی جعلی حکمرانوں کی سیاسی موت کا پروانہ ہے اس لئے ان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کو ایک دوسرے کے خلاف اکسایا کر بیان بازی کرائی جائے جس سے کارکنان کنفیوژن کا شکار ہوں ۔

(جاری ہے)

ہر سیاسی جماعت میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں لیکن یہ ایسا موقع ہے کہ سب کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور آپسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر بانی پی ٹی آئی کی دی گئی کال کو کامیاب بنانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جعلی حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں چار مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، ڈیڑھ ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 30 روپے کا اضافہ کیا گیا، ہر پندرہ دن بعد عوام پر پٹرول بم گرایا جا رہا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر میڈیا کی خاموشی بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا جبکہ پاکستان میں مہنگا ہو رہا ہے،عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اب مزید مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔ پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خورد و نوش سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، عمران خان کے دور میں 150 روپے فی لیٹر پٹرول پر شور مچانے والے آج کیوں خاموش ہیں؟ عوام فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور جعلی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، جعلی حکمرانوں کی تمام توجہ عمران خان کو جعلی مقدمات میں جیل میں رکھنے پر مرکوز ہے، عوام کو ریلیف دینا اور سکھ کا سانس دلانا جعلی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں، جعلی حکومت صرف اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات