Live Updates

بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آکر حالات خراب کرنے کی بات بھول جائیں

غیرملکیوں کو تحریک چلانے کی آئین اجازت نہیں دیتا، گرفتاری چھوٹی بات پھر سارا کچھ ہوگا، مجھے شک ہے کہ جمائما اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دیں گی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 16 جولائی 2025 21:55

بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آکر حالات خراب کرنے کی بات بھول جائیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آکر حالات خراب کرنے کی بات بھول جائیں، غیر ملکیوں کو تحریک کی قیادت کرنے کی آئین اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آکر حالات خراب کرنے کی بات بھول جائیں، گرفتاری چھوٹی بات پھر سارا کچھ ہوگا، غیر ملکیوں کو پاکستان آکر کسی تحریک کی قیادت کی آئین اجازت نہیں دیتا۔

اوورسیز پاکستانیوں کو اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں میں بڑا فرق ہے، یہ برطانیہ میں پیدا ہوئے اور خود کو کبھی پاکستانی نہیں کہا ۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی آمد سے ہماری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مجھے شک ہے کہ جمائما اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

(جاری ہے)

اس وقت پوری دنیا پر پاکستان کی دھاک بیٹھی ہوئی ہے۔ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے حوالے سے پوری دنیا پاکستان کو گلے لگا رہی ہے۔

اس وقت کوئی بھی پاکستان میں انتشار پیدا کرے گا تو اس کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی سہولتوں پر جھوٹ بول رہے ہیں ، ان کو ہر چیز مرضی کی ملتی ہے، نوازشریف اور مریم نواز نے بڑے جگرے کے ساتھ جیل کاٹی اور اُ ف تک نہیں کی۔ شیخ رشید کو روتے دیکھ کر مجھے بڑا دکھ ہوا۔ دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اخبارات اور ٹی وی بند کر کے عمران خان کو قیدِ تنہائی میں ڈالا گیا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹے ہیں، میرا بھائی جھوٹ نہیں بولتا۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مشکل حالت میں ہیں، پارٹی اس پر بات کرے، ان کو توڑنے کے لیے بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر ظلم کرانے کے لیے اس سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سخت پیغام بھیجا ہے کہ ذاتی لڑائیاں ختم کریں اور تحریک چلائیں، ہمارے بھائی اور بھانجے کو ناجائز قید میں رکھا گیا ہے، ہمارا فوکس بے گناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرے میں ہے، ہم سپریم کورٹ میں جائیں گے، عمران خان قوم کے مفاد میں مذاکرات کریں گے، اپنے لیے ڈیل نہیں کریں گے۔ علیمہ خان نے کہا کہ مہنگائی کا ہم سب شکار ہیں، اب عوام کو خود نکلنا ہوگا، ظلم کے نظام کے خلاف خود لوگوں کو کھڑا ہونا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات