ملک میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی

24 قیراط سونے کی قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 56 روپے کی سطح پر آگئی ہے، 10گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 572 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 16 جولائی 2025 20:07

ملک میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوگئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 جولائی 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

آج سونے کی قیمت میں تین ہزار روپے کمی ہوگئی ہے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 56 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار 212 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ملک میں چاندی کی فی تولہ  قیمت4014 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب ملکی کرنسی مارکیٹ میں معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ فارن ایکسچینج ڈیلرز کے مطابق امریکی ڈالر کی خریداری قیمت 283.07 روپے جبکہ فروخت کی قیمت 285.07 روپے رہی، جو گزشتہ روز کی قیمتوں سے قدرے مستحکم ہے۔اسی طرح یورو کی قیمت خرید 324.05 روپے اور فروخت 327.05 روپے ریکارڈ کی گئی، سعودی ریال کی خریداری قیمت 75.06 اور فروخت 76.03 روپے رہی۔

یو اے ای درہم 77.03 میں خریدا گیا اور 78.05 روپے میں فروخت ہوا۔آسٹریلوی ڈالر کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ہوا، جو خریداری پر 182 اور فروخت پر 187 روپے رہا۔ چینی یوان 38.85 روپے میں خریدا گیا اور 39.25 روپے میں فروخت ہوا۔کویتی دینار کی قیمت خرید 914.08 اور فروخت 924.08 روپے، جبکہ کینیڈین ڈالر 205 روپے خرید اور 210 روپے فروخت میں ریکارڈ کیا گیا۔ قطری ریال کی خریداری قیمت 76.81 اور فروخت 77.51 روپے رہی۔ عمانی ریال 734.95 روپے خرید اور 743.95 روپے میں فروخت کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات اور درآمدات و برآمدات کے تازہ اعداد و شمار کے باعث کرنسی مارکیٹ میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔