Live Updates

"جب پٹرول، ڈیزل، بجلی، آٹا، سبزیاں مہنگی ہوں تو سمجھ جاو وزیر اعظم چور ہے"

مہنگائی سے متعلق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ماضی کے بیانات وائرل ہو گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 16 جولائی 2025 21:05

"جب پٹرول، ڈیزل، بجلی، آٹا، سبزیاں مہنگی ہوں تو سمجھ جاو وزیر اعظم چور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2025ء) "جب پٹرول، ڈیزل، بجلی، آٹا، سبزیاں مہنگی ہوں تو سمجھ جاو وزیر اعظم چور ہے" ، مہنگائی سے متعلق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ماضی کے بیانات وائرل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل مہنگا کیے جانے اور چینی کی قیمت بے قابو ہو جانے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلٰی مریم نواز کے ماضی میں مہنگائی سے متعلق دیے گئے تنقیدی بیانات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے ان بیانات کو شیئر کر کے سوال کیا جا رہا ہے کہ پٹرول، ڈیزل، بجلی، آٹا، سبزیاں ، چینی مہنگی ہو جانے پر شہباز شریف اور مریم نواز کے اب کیا خیالات ہیں؟۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ماضی کی تقاریر میں مریم نواز اس وقت کی عمران خان حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں چور کہہ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز مزید کہتی ہیں کہ عمران خان ہی کہتا تھا کہ جب پٹرول مہنگا ہو جائے تو سمجھ جاو وزیر اعظم چور ہے۔ جبکہ اس وقت کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے عمران خان حکومت پر پٹرول، ڈیزل، بجلی ، چینی ، سبزیاں مہنگی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید تنقید کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ کہا گیا کہ جب مہنگائی ہوتی ہے تو مطلب وزیر اعظم کرپٹ ہے، اب کون کرپٹ ہے یہ عوام فیصلہ کر لے۔ شہباز شریف نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ "یہ کیسا پاکستان ہے؟ جہاں چینی باہر بھیجی جاتی ہے، اربوں روپے جیب میں ڈال لیے جاتے ہیں، پھر وہی چینی باہر سے منگوائی جاتی ہے اور پھر اربوں روپے جیب میں ڈال لیے جاتے ہیں"۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات