Live Updates

ہمیں اپنے لوگوں کو بدنام نہیں کرنا چاہئے، فیصل قریشی

آرٹسٹ پہلے ہی دبائو میں ہوتے ہیں، مزید نشانے پر نہ لیا جائے،ہم اتحاد کی بات کرتے ہیںتو پھر ہم دوسروں سے زبردستی کیوں بولنے کی توقع رکھیں ، اداکار

جمعرات 29 مئی 2025 20:40

ہمیں اپنے لوگوں کو بدنام نہیں کرنا چاہئے، فیصل قریشی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)اداکار فیصل قریشی نے فواد خان اور ہانیہ عامر پر تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے لوگوں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔فلم دیمک کی پروموشن کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہاکہ آرٹسٹ پہلے ہی دبائو میں ہوتے ہیں، انہیں مزید نشانے پر نہ لیا جائے۔فیصل قریشی نے کہاکہ کس نے بولنے کا فیصلہ کیا، کس نے نہیں اور کس نے دیر سے بولا ہمیں اپنے لوگوں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے، ہم اتحاد کی بات کرتے ہیں، تو پھر ہم دوسروں سے زبردستی کیوں بولنے کی توقع رکھیں میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

فیصل قریشی نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی مقبولیت کی وجہ بتا دی۔ انہوں نے فواد خان اور ہانیہ عامر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ تنقید بالکل اچھی نہیں لگی جو ان دونوں پر کی گئی ہاں، مان لیتے ہیں کہ فواد خان نے پہلگام سے متعلق ٹوئٹ کی، مگر وہ اپنی فلم کو بچانے کی کوشش کر رہا تھا جس پر وہ 6 ماہ سے کام کر رہا تھا، اس نے آخر کار اپنی بات کہی، ہانیہ نے بھی ٹوئٹ کی اور ماہرہ تو ابتدا سے ہی آواز بلند کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل قریشی نے زور دیا کہ فنکاروں کو اکثر شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے، لوگ غصے میں آکر فنکاروں کو نشانہ بناتے ہیں، جس سے وہ خطرے میں آ جاتے ہیں، یہی کچھ کبھی جنید جمشید کے ساتھ ہوا تھا، لوگ ان کے خلاف نفرت پھیلا رہے تھے، اور ان پر حملہ تک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں اس سے متعلق نادیہ خان سے بھی بات کر چکا ہوں۔ میں نے نادیہ خان کو فون کر کے کہا تھا کہ یہ سب نہیں ہونا چاہیے۔ نادیہ میری بہت اچھی دوست ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات