آزاد کشمیر اسمبلی، نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ میں خالی آسامیوں کے حوالے سے قرارداد وفاقی حکومت اور چیئرمین واپڈا کو ارسال

جمعرات 29 مئی 2025 22:53

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ میں گریڈ 01 تا 16 کی اسامیوں پر مقامی افراد کیلئے کوٹہ مختص کرنے کی نسبت توجہ دلائو نوٹس کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے متفقہ طور پر قرارداد کی شکل میں وفاقی حکومت اور چیئرمین واپڈا کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر قانون، انصاف وپارلیمانی امور نے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی جانب سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تاریخی پیکج دیا ہے،صحت پیکج کے تحت دی گئی اسامیوں کو عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد مشتہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد ان پر تحت ضابطہ تقرریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تا کہ عوام کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن )شاہ غلام قادر نے کہاکہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کا تقررکرنے کیلئے مشاورتی عمل مکمل کر کے پینل چیئرمین کشمیر کونسل کو بھیجے تاکہ بروقت چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ہو سکے۔قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے ،اس حوالے سے قائد ایوان کے ساتھ میٹنگز بھی ہو چکی ہیں ۔

وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے آئین کے مطابق مشاورت کا عمل جاری ہے ،جلد اس حوالے سے پینل فائنل کر کے چیئرمین کشمیر کونسل کو بھجوا دیے جائیں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی بروقت تقرری ہونا ضروری ہے ،اس کے بعد ووٹر لسٹوں کا کام بھی ہونا ہے ۔سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کےلیے ملتوی کردیا۔